اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے بھارتی لوک سبھا کا دعوت نامہ مسترد کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سینیٹ حکام نے لوک سبھا کے دعوت نامے کو قبول یا مسترد کئے جانے کے بارے میں کہا ہے کہ اس معاملے پر ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو ملنے والے اس دعوت نامے کو دونوں ممالک کے درمیان ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا تھا۔
اس دعوت نامے میں بھارتی لوک سبھا کی جانب سے پاکستانی ایوان بالا کے سربراہ صادق سنجرانی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صد سالہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
اس سلسلے میں سپیکر لوک سبھا نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ایک خصوصی خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بھارتی پارلیمان کا مہمان بننا اور اس تقریب میں شرکت اور ہمارے لئے باعث اعزاز ہوگی۔
انڈین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی دو روزہ تقریبات کا آغاز چار دسمبر کو دارالحکومت نئی دلی میں ہو گا جس کا افتتاح بھارتی صدر کریں گے۔ اس تقریب بھارتی وزيراعظم نریندر مودی بھی خطاب کریں گے۔