پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے قرآن پاک کو بطور لازمی تعلیم پڑھانے کی منظوری دیدی  

The Punjab Textbook Board has approved the teaching of the Holy Quran as a compulsory subject
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے طلبہ وطالبات کیلئے قرآن پاک کو بطور لازمی تعلیم پڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ جماعت اول سے پانچویں کے طالبعلم ناظرہ قرآن جبکہ چھٹی سے بارہویں کلاس کو ترجمے کیساتھ قران پڑھایا جائے گا۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تمام مدارس اور تعلیمی اداروں کو تعلیمی اداروں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ قران پاک کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھائیں۔ اس مضمون کے 50 نمبر مقرر کئے گئے ہیں۔

پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ (پی سی ٹی بی) نے اپنے نوٹی فیکیشن میں کہا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ قران مجید کی تدریس کو اس کی حقیقی روح کے مطابق نافذ کریں۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ پاکستان بھر کے مسلمان طلبہ کو پہلے ہی اسلامیات لازمی مضمون کے طور پر پڑھائی جاتی ہے۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ جماعت اول سے تیسری تک یہ قران پڑھانے کیلئے ہفتہ وار تین پیریڈ ہونگے جبکہ چوتھی اور پانچویںکلاس کے بچوں کیلئے ہفتے میں چار پیریڈ رکھے گئے ہیں۔

ادھر نجی سکولوں کا کہنا ہے کہ انہیں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے نوٹی فیکیشن موصول ہو گیا ہے، تاہم کسی کو انفرادی طور پر کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ناظرہ قران پہلی سے پانچویں جماعت کو پڑھایا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ اس میں پاروں کی تفصیل بھی شامل ہے۔

جماعت اول کے طلبہ کو قرآنی قاعدہ، آخری چار سورتیں، دوسری جماعت میں پارہ نمبر ایک اور دو جبکہ تیسری جماعت میں پارہ نمبر 3 سے 8 تک پڑھایا جائے گا۔

چوتھی جماعت کو پارہ نمبر 9 سے 18 جبکہ پانچویں جماعت کو 19ویں پارے سے آخری پارے تک قرآن ناظرہ پڑھایا جائے گا۔