اسلام آباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر نے گرفتاری دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا سے بات چیت میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین نے گرفتاری دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کو الیکشن میں سازش کے تحت 2 نوجوانوں کو قتل کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مجھے اور میرے بیٹے کو مٹھی جھنڈ کیس میں نامزد کیا گیا اور میرے دو بیٹوں کو پولیس نے قتل کے الزام میں گرفتار کیا جو جیل میں ہیں اور آج میں قانون کی پاسداری کرتے ہوئے گرفتاری دے رہا ہوں۔
چوہدری یاسین نے کوٹلی اور چڑھوئی کے عوام اورپی پی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی زندگی کے دوران 9 الیکشنز لڑے ہیں لیکن گزشتہ دنوں ہونے والے الیکشن میرے لیے مشکل ترین تھے۔
واضح رہے کہ چودھری یاسین کو دو نوجوانوں کے قتل میں بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے دو بیٹے بھی اسی قتل کے الزام میں گرفتار ہیں۔