نیب تحویل میں شہباز شریف زخمی ہو گئے 

11:03 PM, 13 Oct, 2020

لاہور :میاں شہباز شریف نیب تحویل میں زخمی ہو گئے ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اہم خبر دیتے ہوئے کہا کہ شہزاداکبر کے کہنے پر شہباز شریف کو زمین پر کھانا دیا جاتا ہے  اور نماز کے لیے کرسی بھی فراہم نہیں کی جاتی ، پرسوں نیب کسٹڈی میں شہباز شریف کے واش روم میں ایسی چیزیں لگائی گئیں جس سے وہ زخمی ہوگئے، نواز شریف بھی نیب کسٹڈی میں ہی بیمار ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی اہم رہنما مریم اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ  شہزاد اکبر بھیس اور گاڑیاں بدل کر نیب کے دفتر میں جاتے ہیں، شہباز شریف کے کمرے میں کیمرے لگا کر اس کی ویڈیو عمران خان کو بھجوائی جاتی ہے ۔ شہزاد اکبر کے کہنے پر زمین پر کھانا دیا جاتا رہا ،پرسوں شہباز شریف نیب کی تحویل میں زخمی ہوئے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمانوں کے بیانات سے واضح ہے کہ حکومت جا چکی ہے ،نیب نے تسلیم کیا کہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں ، ،پانی میں مدھانی ڈال کر مکھن نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا  حکومت کے ذہنوں میں گوجرانولہ کا جلسہ نہیں نکل رہا ،حکومت کے اجلاسوں میں اپوزیشن جماعتوں کا گوجرانولہ کا جلسہ ایجنڈے ہوتا ہے،حکومت ذہنیطور پر گوجرانولہ کے جلسے کا شکار ہوچکی ہے۔

مزیدخبریں