نیوزی لینڈ:وزیر اعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے اس وقت دنیا کو حیران کر دیا جب ان کی ذاتی زندگی سے متعلق یہ انکشاف سامنے آیا کہ وہ وزیر اعظم بننے سے قبل ایک قصبے موررینزویلا میں ایک مقامی ہوٹل کے کائونٹر پر آرڈرز لیا کر تی تھیں ۔
وزیراعظم نیوزی لینڈ کا انتظام سنبھالنے والی جیسنڈا آرڈرن اپنی تقرری کے فوراً بعد سے خبروں کا حصہ بنی رہی ہیں،اپنے ہی ملک میں ہوٹل پر کام کرنے والی40 سالہ خاتون اب اسی ملک کی قابل اور خوبصورت وزیر اعظم کے نام سے جانی جاتی ہیں ،اپنے 3 سالہ دور اقتدار کے دوران انہوں نے ملکی مفاد میں انتہائی بہترین فیصلے کیے،اسی دوران اپنے بچے کو جنم دینے والی جیسنڈرا نے گھر کے ساتھ ملک کے انتظام کو بھی سنبھالا دیا۔
کرائسٹ چرچ حملے کے بعد پیدا ہونے والے عالمی بحران سے نمٹنے سے لے کر کورونا جیسے وبائی مرض کے خلاف فتح حاصل کرنے والی جیسنڈرا کے ہر اقدام کو اب تک سراہا جاتا رہاہے،انہیں اپنے ملک کی بہترین لیڈر کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ امریکہ اور برطانیہ کے معروف فیشن اور نیوز میگزینز کے کور پیج کی زینت بننے والی جیسنڈرا امریکی ٹی وی کے پرسنیلٹی شو کی میزبانی بھی کر چکی ہیں۔
جیسنڈرا کی مقبولیت کا اس وقت عالم یہ ہے کہ کہا جا رہاہے اگر دوسری مدت کیلئے انتخابات میں پارٹی کی طرف سے جیسنڈرا کو ہی نامزد کیا جاتا ہے تو وہ باآسانی انتخابات جیت جائیں گی ، نیوزی لینڈ کے انتخابات کے لیے انہیں ملک کی پسندیدہ ترین شخصیت مانا جا رہا ہے،دوسری جانب جیسنڈرا آرڈن کے ناقدین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے حکومت بننے سے پہلے جو وعدے کیے تھے ان پر بہت کم کام کیا ہے۔
گزشتہ سال آسٹریلیا میں معروف سیاستدانوں کے حوالے سے کیے جانے والے سروے میں وہ پہلے نمبر پر رہیں تھیں۔