دہلی :بھارتی شہری امریکی صدر ڈونلنڈ ٹرمپ کی محبت میں اپنی جان کی بازی ہار گیا ،ٹرمپ کا کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر سنتے ہی بھارتی شہری صدمے میں آگیا ،صدر ٹرمپ کی بیماری کا صدمہ بھارتی شہری کیلئے جان لیوا ثابت ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق ٹرمپ کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے پر بھارتی شہری اس قدر پریشان ہو ا کہ امریکی صدر کی صحتیابی کیلئے دعائیں مانگنے کیلئے بھوک ہڑتال تک شروع کر دی ،بھارتی شہری نے صدر ٹرمپ کی بیماری کو اس حد تک سنجیدہ لیا کہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کسان بسا کرشنا راجو کے دوستوں کا کہنا ہے کہ جب راجو نے ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر سنی تو اسے شدید دھچکا لگا تھا،بھارتی کسان کے ایک قریبی دوست نے بتایا کہ بسا کرشنا راجو ٹرمپ کو بہت زیادہ پسند کرتا تھا اور اس نے گزشتہ برس ایک 6 فٹ لمبا ٹرمپ کا مجسمہ کھڑا کر کے اس کی پوجا شروع کر دی تھی۔
اس کے دوستوں کا کہنا ہے کہ جب سے بسا کرشنا راجو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا سنا تو اس نے راتوں کو جاگ کر اور بھوکا رہ کر امریکی صدر کی صحت یابی کے لیے دعائیں شروع کر دیں، لیکن 12 اکتوبر کو وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔