مدینہ منورہ: سعودی حکومت نے روضہ رسولﷺ کو زیارت کیلئے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ روضہ رسول ﷺ 18 اکتوبر سے زیارت کے لیے کھولا جائے گا۔
دوسری جانب عمرہ کی ادائیگی کے لیے تیسرے مرحلے کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا جس کے تحت غیر ملکی زائرین بھی عمرے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ سعودی عرب نے دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ مقامی شہریوں کو عمرہ کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے شوگر، ہائی بلڈپریشر، امراض قلب، جگر اور حاملہ خواتین کوعمرہ اور زیارت مؤخر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں زائرین کو ایپ کے ذریعے اجازت نامہ لینا ضروری ہوگا۔
خیال رہے کہ 31 مئی 2020ء کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اجازت سے مسجد نبوی ﷺ کو عام نمازیوں کیلئے کھول دا گیا تھا۔ حفاظتی انتظامات کے تحت مسجد نبوی ﷺ کی مجموعی گنجائش کے مطابق 40 فیصد نمازیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے، جائےنماز ساتھ لانے اور وضو گھر سے کرکے آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔