بھارت ایک سرجیکل اسٹرائیک کرے گا تو پاکستان 10 کرے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

06:45 PM, 13 Oct, 2018

اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج کی طرح دیگر ادارے بھی مظبوط ہونے چاہیئں ۔ پاکستان میں عام انتخابات انتہائی شفاف اور آزاد تھے۔بھارت ایک سرجیکل اسٹرائیک کرے گا تو پاکستان 10 سرجیکل اسٹرائیک سے جواب دے گا ۔


لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں فوج نے ممکن بنایا کہ ہر شخص اپنی مرضی کے مطابق ووٹ دے، پاکستان کے متعدد حصوں سے ریکارڈ ووٹرز ٹرن آؤٹ رہا۔ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹرز نے اپنی مرضی سے ووٹ دیے، کسی کو نہیں کہا گیا کہ کس کو ووٹ دینا ہے اور کس کو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے موجود ہے، دھاندلی کے الزامات لگائے گئے لیکن کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ تبدیلی کے سال سے متعلق میری ٹوئٹ کو غلط معنوں میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی اور نظام سے متعلق پاکستان مسلم دنیا میں واحد ملک ہے جس نےکامیابی حاصل کی، 5 سال سے نظام نے بہتر کام کرنا شروع کیا ہے لیکن اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں معاشرے کے ہر طبقے نے حصہ لیا اور پاکستان میں امن و استحکام کے لیے 76 ہزار جانیں دی گئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پہلے 2 سے 3 دھماکے معمول ہوتے تھے، کراچی میں بھی جرائم میں کمی آئی ہے، بیورو کریسی اور دیگر اداروں نے کراچی کے امن کے لیے مل کر کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل میڈیا میں پاکستان سے متعلق مثبت خبروں کو اجاگر نہیں کیا جاتا، فاٹا اصلاحات پر مغربی میڈیا میں ایک بھی بامقصد خبر نہیں دیکھی گئی، مغربی میڈیا میں ہمیشہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر مبنی الزامات لگائے جاتے رہے۔


انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ہماری ہر ضرورت پر توجہ دی اور سرحد محفوظ بنانے کے لیے رقم فراہم کی، ن لیگ کی حکومت نے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کی منظوری دی اور مکمل تعاون کیا۔

مزیدخبریں