ممبئی :بھارتی فلم انڈسٹری میں جنسی ہراسانی کا سلسلہ ہے کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا اور اب 'می ٹو' مہم کے تحت نامور ہدایت کار ساجد خان پر بھی جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا، جس پر ان کی بہن فرح خان نے شرمندگی کا اظہار کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرح خان اور ساجد خان بالی وڈ کے مشہور بہن بھائی کی جوڑی مانے جاتے ہیں، جو دونوں بہترین ہدایت کار ہیں۔
ساجد خان نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ عائد کیے گئے الزامات کی وجہ سے وہ اس وقت تک اپنی نئی فلم ’ہاؤس فل 4‘ کی ہدایت کاری سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں، جب تک وہ سچ ثابت نہیں کردیتے‘۔دوسری جانب ان کی بہن فرح خان نے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی اپنی ایک پوسٹ میں ساجد خان پر غم و غصہ کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ وقت ان کے اہل خانہ کے لیے تکلیف دہ ہے، اگر میرے بھائی نے اس قسم کا رویہ اختیار کیا ہے تو اسے اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ میں کسی بھی لحاظ سے اس طرح کا رویہ برداشت نہیں کرسکتی اور ہمیشہ ہر اس خاتون کے ساتھ کھڑی ہوں گی جس کو تکلیف پہنچائی گئی ہوگی۔
انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ ’جب تک سچ ثابت نہیں ہوجاتا تب تک کوئی بھی فیصلہ نہ کریں‘۔ خیال رہے کہ حال ہی میں بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ نے اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔