سڈنی : آسٹریلیا میں ہیکرز نے سائبر حملہ کرکے دفاعی پروگرام سے متعلق حساس معلومات چوری کرلیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے سرکاری کنٹریکٹر کے سسٹم کو ہیک کرکے 30 جی بی تک حساس ڈیٹا چرایا جس میں آسٹریلیا کے نئے جنگی طیاروں اور بحری جہازوں کے حوالے سے معلومات بھی شامل ہیں۔ آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ چرایا جانے والا ڈیٹا تجارتی بنیادوں پر حساس ضرور تھا لیکن سرکاری راز نہیں تھا۔
آسٹریلیا کے سائبر سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس حملے کے پیچھے کوئی گروہ ہے یا پھر کسی ملک کا ہاتھ ہے۔ وزیردفاع کرسٹوفر پائن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ حملہ آور ایک یا ایک سے زائد بھی ہوسکتا ہے اور ہوسکتا ہے کہ یہ کام کسی گروہ یا ملک کی ایماء پر کیا گیا ہو۔