لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نوازشریف کے اندر ایک خطرناک الطاف حسین چھپا ہواہے،یہ لوگ اداروں کو بدنام اور ملکی معیشت کوبرباد کریں گے،گاڈ فادر کے حکم پر عدالت میں غنڈہ گردی ہوئی،جس کے باعث نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس میں احتساب عدالت میں وکلاء کے انسپکٹر پرتشدد کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت میں وکلا کی ہلڑ بازی کے باعث جج محمد بشیر نے آج کارورائی کیے بغیر ہی سماعت ملتوی کردی ہے۔عدالت میں وکلاء کی ہلڑ بازی قابل مذمت ہے۔اس ہلڑبازی سے رینجرز کو ہٹانے کے اصل مقاصد بھی واضح ہو گئے۔
طاہرالقادری نے کہا کہ احتساب عدالت میں سپریم کورٹ پرحملہ فلم کا ٹریلر چلا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کی کہ عدالت کی سیکیورٹی فوج اور رینجرز کے سپرد کی جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ حکومت میں بیٹھے وزرا ملک کو بحرانوں میں مبتلا کررہے ہیں۔ یہ لوگ اداروں کو بدنام اور ملکی معیشت کوبرباد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے اندر ایک خطرناک الطاف حسین چھپا ہواہے۔