لاہور :وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز میں چہرے کی شناخت کے ذریعے حاضری کا کمپیوٹرائزڈ نظام لایا جارہا ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی میں چہرے کی شناخت کے ذریعے کمپیوٹرائزڈ حاضری کے جدید نظام کی تجرباتی بنیادوں پر تنصیب کامیاب رہی ہے۔
ایک بیان میں وزیر ریلویز نے مزید کہا کہ ورکشاپوں میں محنت کش ہاتھوں پر نشانات کے باعث فنگر پرنٹس کی بنیاد پر بائیو میٹرک حاضری نہیں لگا سکتے ہیںلیکن حاضری کی جدید کمپیوٹرائزڈ ڈیوائسز چہرے کی عینک کے ساتھ بھی شناخت کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ورکشاپوں میں چہرے کی شناخت کے ذریعے حاضری لگانے والاسرکاری سطح پر پہلا محکمہ ہو گا ، حاضری مشینوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور بلٹ پروف شیشوں سے حفاظت یقینی بنائی جائے گی، ملازمین کو ڈیوائسز کو چھونے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ ریلوے ورکشاپوں میں حاضری کے اس جدید نظام کے لئے ابتدائی تخمینہ تیار کر لیا گیا ہے جو اپنے نتائج اور فوائد کے مقابلے میں مہنگا نہیں ہے۔