نیویارک: مایہ ناز امریکی سمارٹ فون کمپنی ایپل نے اپنا فولڈنگ سکرین آئی فون 2020 تک متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
بین الاقوامی ویب سائٹ دی انویسٹر کے مطابق ایپل اب ایل جی کے اشتراک سے 2020 تک ایک ایسا آئی فون متعارف کروانے جارہا ہے جس کی اسکرین باآسانی فولڈ ہوسکے گی۔آئی فون کے اس نئے ڈیزائن کے لئے ایپل نے ایل جی کی ذیلی کمپنی 'انوٹیک' کے ساتھ معاملات طے کئے ہیں جس کے بعد اس پروجیکٹ پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
ایل جی اور سام سنگ اس سے قبل مشترکہ فولڈنگ اسکرین تیار کرچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ ایپل نے ایل جی پر اعتبار کرتے ہوئے اس پروجیکٹ کے لئے ایل جی کی ذیلی کمپنی کو منتخب کیا ہے۔ایل جی کمپنی 'فولڈنگ ڈیوائسز' بنانے میں کافی ماہر ہے۔ یہ پہلے بھی ایسی کئی اسکرین بنا چکی ہے جو آسانی سے کتاب کی طرح یا کوئی اخبار کی طرح فولڈ ہوجاتی ہے۔
2014 میں ایل جی نے 18 انچ کی ایچ ڈی الٹرا فولڈنگ اسکرین بنائی تھی جس میں پلاسٹک کے بجائے خاص قسم کی فلم استعمال کی تھی۔سام سنگ کا فولڈنگ اسکرین فون ممکنہ طور پر آئندہ سال 2018 کو ریلیز کیا جائے گا جبکہ آئی فون شاندار فیچرز کے ساتھ 2020 میں دستیاب ہوگا۔نئے فولڈنگ آئی فون آسانی سے لیپ ٹاپ یا آئی پیڈ کے طور پر بھی استعمال کر سکیں گے۔