ایرانی سپاہ کے خلاف امریکی پابندیاں اعلان جنگ تصور کی جائیں گی، ڈاکٹر علی اکبر صالحی

05:20 PM, 13 Oct, 2017

نیوویب ڈیسک

لندن:  ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب کے خلاف امریکا کی ممکنہ پابندیاں ایران کے خلاف امریکا کی مخاصمت کا ثبوت ہوں گی۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن میں عالمی تجزیہ نگاروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے واضح کیا کہ کسی بھی ملک کی مسلح افواج ملک کی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہوتی ہیں، لہذا سپاہ پاسداران کے خلاف امریکا کے ممکنہ اقدامات کو اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔

ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ انہوں نے اٹلی اور برطانیہ میں اپنے قیام کے دوران یورپی رہنماؤں کے ساتھ جامع ایٹمی معاہدے کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ تمام فریق جامع ایٹمی معاہدے میں باقی رہیں گے یا سب اس سے نکل جائیں گے کیونکہ اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

ڈاکٹر علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ امریکا نے جامع ایٹمی معاہدے کو سبوتاژ کیا تو اس کے عالمی نتائج برآمد ہوں گے لہذا ایران اس معاہدے کو باقی رکھنے کے حق میں ضرور ہے لیکن اسی صورت میں جب تمام فریق اس معاہدے میں باقی رہنا چاہتے ہوں۔

مزیدخبریں