راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر میرانشاہ کے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کارروائی میں 8 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، علاقے کو مکمل طور پر دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ یہ آپریشن ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ ملک میں جاری یہ کارروائیاں اس بات کی غماز ہیں کہ فورسز عوام کے تعاون سے دہشتگردی کا خاتمہ کر کے ایک پرامن اور مستحکم پاکستان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔