بلوچستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد سرغنہ ثنا عرف بارو اور اس کے 4 ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 12 اور 13 نومبر کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران دونوں جانب شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک ہونے والا دہشتگرد ثنا عرف بارو دہشتگردوں کا ریکروٹمنٹ ایجنٹ تھا اور ضلع کیچ میں خودکش حملہ آوروں کی بھرتی کرتا تھا۔ اس کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، اور علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

صدر آصف زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی پر ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے۔ صدر نے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کے امن کو نقصان نہیں پہنچا پائیں گے، جب کہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا۔