کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سکھ برادری کے لیے ایک محفوظ ملک ہے، جہاں تمام مذاہب کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔
گورنر سندھ نے بھارتی سکھوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کے لیے دل اور دروازے کھلے ہیں۔
گورنر سندھ نے ملک کی معیشت کے حوالے سے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج 90 ہزار پوائنٹس سے اوپر چلا گیا ہے اور شرح سود میں کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کی حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش رکھتی ہے اور توقع ہے کہ پاکستان کی معیشت مستقبل میں مزید بہتر ہوگی۔
کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے 38 روزہ فیسٹیول کا بھی ذکر کیا، جس میں 44 ممالک کے 240 سے زائد فنکاروں نے شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورے پاکستان کو معیشت اور ثقافت کے حوالے سے سکھاتا ہے، اور جب کراچی ترقی کرے گا، تو پورا ملک ترقی کرے گا۔