لاہور:نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے281ویں اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر(ایس او) انجینئر محمد وسیم یونس کو منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں، وہ یہ ذمہ داریاں ایم ڈی کے عہدے پر ریگولرتقرری تک سنبھالیں گے۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
انجینئر محمد وسیم یونس نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری مکمل کی۔وہ پاور سسٹم اینالسز/ٹرانسمیشن پلاننگ اور سسٹم آپریشن میں ذمہ داریاں انجام دینے کا 34 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتے ہیں اور انہوں نے توانائی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں جیساکہ پاور سسٹم کی قلیل، درمیانی اور طویل مدتی توسیع کے منصوبوں کی تیاری، کراس بارڈر سٹڈیز، روایتی اور قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کے منصوبوں سے بجلی کی ترسیل کیلئے انٹر کنکشن سکیموں کی تجویز، گرڈ سسٹم کے استحکام اور مسائل کا حل، کنسلٹنٹ کی جانب سے تیارکردہ فزیبلٹی سٹڈی رپورٹس کا جائزہ، این ٹی ڈی سی منصوبوں کیلئے پی سی ون اور پی سی ٹو کی تیاری، انڈیکیٹیو جنریشن کپیسٹی ایکسپنشن پلان (IGCEP)، ٹرانسمیشن سسٹم ایکسپنشن پلان (TSEP)، گرڈ کوڈ کی تیاری، تقسیم کار کمپنیوں اور کے الیکٹرک کی معاونت، توانائی کے شعبے میں آزاد مارکیٹ (CTBCM) کا قیام، اس پر عملدرآمد میں سہولت کاری اور منظور شدہ روڈ میپ کے تحت سسٹم آپریٹر کو فعال کرنا شامل ہیں۔
انجینئر وسیم یونس کو بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں، پراجیکٹ ڈویلپرز، کنسلٹنٹ، کنٹریکٹرز، وفاقی اور صوبائی حکومت کے اداروں کے ساتھ مستقبل کے ٹرانسمیشن منصوبوں اور گرڈ کی کارکردگی میں بہتری کے منصوبوں پر بات چیت کا وسیع تجربہ بھی حاصل ہے۔ انہوں نے متعدد قومی اور بین الاقوامی اداروں سے تربیت بھی حاصل کر رکھی ہے۔
نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد انجینئر محمد وسیم یونس نے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
انجینئر محمد وسیم یونس کو منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی کے عہدے کا چارج سونپ دیا گیا
07:25 PM, 13 Nov, 2024