اسلام آباد: سپارکو (پاکستان اسپیس اینڈ اپر اٹم ریسرچ کمیشن) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا تیار کردہ روور 2028 میں چین کے چانگ ای 8 مشن کے تحت چاند پر تحقیق کے لیے بھیجا جائے گا۔ یہ مشن چاند کے جنوبی قطب کی کھوج کے لیے اہم سائنسی تجربات پر مرکوز ہوگا۔
سپارکو کے ترجمان کے مطابق، پاکستان کا 35 کلوگرام وزنی روور 2028 میں چاند پر اُترے گا، جہاں یہ چاند کی مٹی کا مطالعہ کرے گا، چاند کی سطح کا تفصیلی نقشہ تیار کرے گا اور چاند پر انسانوں کی پائیدار موجودگی کے لیے نئی ٹیکنالوجیز کی آزمائش کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ سپارکو کا روور جدید سائنسی آلات سے لیس ہوگا، جو چاند کی سطح سے اہم ڈیٹا جمع کرے گا۔ یہ ڈیٹا مستقبل کے قمری مشنز کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے پاکستان کے خلائی پروگرام کو مزید فروغ ملے گا۔
سپارکو کا یہ مشن چین کے چانگ ای 8 پروگرام کا حصہ ہوگا، جس کے ذریعے عالمی سطح پر چاند کی تحقیق میں پاکستان کا تعاون بڑھایا جائے گا۔