لاہور – امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر زید سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے نئے فلسطینی سفیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی فلسطین کے حوالے سے وہی پالیسی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور پاکستانی قوم مسئلہ فلسطین پر متحد ہے۔
فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر زید نے پاکستانی عوام اور جماعت اسلامی کی فلسطینی کاز کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی نظریات سے خطے کے امن کو خطرہ ہے اور اسلامی ممالک کو مزید عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔