اسلام آباد:سموگ سے پریشان عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان، اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کی توقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع ابر آلود ہوگا اور شام یا رات کے وقت چند علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔
خیبر پختونخوا اور پنجاب کے میدان علاقوں میں سموگ اور رات و صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کو سردی کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں سموگ اور دھند کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے اور سکھر، لاڑکانہ، کشمور اور خیر پور میں صبح و رات کے وقت دھند کا امکان ہے۔ کشمیر میں سرد موسم اور مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں شام یا رات کے وقت بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، جیسے چترال، دیر، سوات، بٹگرام، اور کوہستان میں شام یا رات کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔