فتنہ الخوارج کے سرغنہ نور ولی اور غٹ حاجی کی آڈیو منظر عام پر آگئی

فتنہ الخوارج کے سرغنہ نور ولی اور غٹ حاجی کی آڈیو منظر عام پر آگئی

راولپنڈی: فتنہ الخوارج کے سرغنہ نور ولی اور غٹ حاجی کی ایک نئی آڈیو منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں نور ولی پاکستان میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کو واپسی کا اختیار نہ دینے کی ہدایت دے رہا ہے۔ آڈیو میں وہ محسود سے کہتا ہے کہ "مجاہدین کو اطلاع دے دو کہ ہماری طرف سے کسی کو واپس جانے کی اجازت نہیں ہے، ہر کسی کو اپنے آپ کو تیار رکھنا ہے، اور کسی کو بھی راستہ بدلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔"

دفاعی ماہرین کے مطابق اس آڈیو سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ فتنہ الخوارج کے سرغنہ افغانستان میں چھپے ہوئے ہیں، اور ان کی پناہ گاہیں افغان طالبان کی مدد کے بغیر قائم نہیں ہو سکتیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج افغانستان کی سرزمین کو پاکستان میں دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں، اور یہ ثابت ہو چکا ہے کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کا گہرا تعلق ہے۔

آڈیو کے منظر عام پر آنے سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ مستقبل میں مزید دہشت گرد افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے۔ نور ولی افغانستان میں بیٹھ کر دہشت گردوں کو 'جہاد' کے نام پر موت کی جانب دھکیل رہا ہے، اور اس کی ہدایات ظاہر کرتی ہیں کہ یہ نچلے درجے کے دہشت گرد افغان سرحد پر اپنے آقاؤں کے قبضے سے تنگ آ چکے ہیں۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے موثر حکمت عملی اختیار کرنے کے نتیجے میں خوارجین کے لیے افغانستان کی سرزمین تنگ ہو چکی ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر فتنہ الخوارج کا جہاد واقعی حق پر مبنی ہے، تو نور ولی جیسے سرغنہ خود کیوں نہیں سامنے آ کر سکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرتے؟ حقیقت یہ ہے کہ یہ دہشت گرد رہنما اپنے پیروکاروں کو گمراہ کر کے مالی فائدہ اٹھا رہے ہیں اور جہاد کے نام پر ان سے ڈالر کما رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں