لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کی پاکستان آنے سے انکار اور بھارتی میڈیا کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کے مطالبات کے باوجود اپنے موقف پر سختی سے قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے واضح طور پر اپنی پوزیشن تمام اسٹیک ہولڈرز تک پہنچا دی ہے، اور اس معاملے میں کوئی لچک دکھانے کا ارادہ نہیں ہے۔ پاکستان کا موقف ہے کہ وہ ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہیں کرے گا، جو بھارت کی جانب سے پاکستان میں میچز نہ کھیلنے کی صورت میں تجویز کیا گیا تھا۔
اس فیصلے نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے لیے اضافی مشکلات پیدا کر دی ہیں، کیونکہ ایونٹ کے شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے اور مالی نقصان کا اندیشہ بھی موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے 100 دن باقی ہونے کے موقع پر چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا ارادہ کیا تھا، لیکن پاکستان اور بھارت کے تنازعہ کی وجہ سے ابھی تک شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔ اگر 20 نومبر تک شیڈول کا اعلان نہ کیا گیا تو آئی سی سی کو قانونی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، کیونکہ کمرشل پارٹنرز کو ایونٹ سے پہلے مارکیٹنگ کے لیے مناسب وقت درکار ہوتا ہے۔
آئی سی سی کے لیے پاکستان اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن نہیں، اور اگر ایسا کیا گیا تو عالمی کرکٹ گورننگ باڈی کو مالی طور پر بھاری نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر پاکستان سے ایونٹ شفٹ کیا گیا تو پی سی بی قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد آئی سی سی اور دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات جاری ہیں۔