کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر کے برابر کی جائے ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر کے برابر کی جائے ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور: پاکستان میں کم از کم تنخواہ کو ایک ہزار ڈالر کے برابر کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست فہمید نواز ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں وزیراعظم اور تمام وزرائے اعلیٰ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں غربت ایک حقیقت ہے، اور کم از کم تنخواہ محض 37 ہزار روپے ماہانہ ہے، جو شہریوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ برطانیہ کے 1950 کے لیبر قوانین کو پاکستان میں نافذ کیا جائے تاکہ کم از کم تنخواہ میں اضافہ ممکن ہو سکے۔

فہمید نواز ایڈووکیٹ نے اپنے موقف میں کہا کہ پاکستان میں تقریباً 32 لاکھ سرکاری اور 7 سے 8 کروڑ پرائیویٹ ملازمین ہیں، جن کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں اضافہ کرنے سے شہریوں کی قوت خرید بڑھے گی، جس کے نتیجے میں عالمی سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی اور معیشت کو تقویت ملے گی۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پاکستان میں ایک ہزار ڈالر کے برابر ماہانہ تنخواہ مقرر کرنے کا حکم دیا جائے، تاکہ پاکستانی عوام کی معاشی حالت بہتر ہو اور ملک کی معیشت میں استحکام آئے۔

مصنف کے بارے میں