پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں تنزلی، 102 ویں نمبر پر پہنچ گیا

10:30 AM, 13 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں مزید تنزلی ہوئی ہےجس کے باعث  وہ 102ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

 یہ رینکنگ عالمی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستان کا پاسپورٹ دیگر ممالک جیسے صومالیہ، یمن، بنگلہ دیش، فلسطین اتھارٹی، ایتھوپیا اور لیبیا کے پاسپورٹ سے بھی کمزور قرار پایا ہے، جنہیں 101 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ان ممالک کے شہری 38 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں، جبکہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے صرف 34 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر پاتے ہیں۔ اس طرح پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید کمی آئی ہے۔ 2023 کی رپورٹ میں پاکستان کو کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والے ممالک میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ گزشتہ سال پاکستان 92 ویں نمبر پر تھا، جو اب مزید نیچے 102 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

رپورٹ میں سب سے کمزور پاسپورٹ افغانستان کا قرار دیا گیا ہے، جس کے شہری صرف 28 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف، سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ ہے، جس کے شہری 195 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں۔

رینکنگ میں فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین دوسرے نمبر پر ہیں، جب کہ آسٹریا، فن لینڈ، آئرلینڈ، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، جنوبی کوریا اور سویڈن تیسرے نمبر پر ہیں۔ چوتھے نمبر پر برطانیہ، بلجیم، ڈنمارک، نیوزی لینڈ، ناروے اور سوئٹزرلینڈ جیسے ممالک شامل ہیں۔

مزیدخبریں