ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

10:17 AM, 13 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام اور رات کے اوقات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں سموگ کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، خاص طور پر صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہنے کے ساتھ سموگ اور دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں سردی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پنجاب کے بڑے شہروں جیسے لاہور، سیالکوٹ، حافظ آباد، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، اور دیگر علاقوں میں سموگ اور شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کے ساتھ سکھر، لاڑکانہ، کشمور اور خیر پور میں صبح اور رات کے وقت دھند چھا سکتی ہے۔

کشمیر میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی ابر آلود موسم کے ساتھ شام یا رات کے اوقات میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، بٹگرام اور کوہستان میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، بنوں اور دیگر میدانی علاقوں میں رات کے اوقات میں سموگ یا دھند کی شدت بڑھنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دھند اور سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں