اسلام آباد: شہر میں اسموگ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے آلودگی کے شکار علاقوں میں کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
انتظامیہ نے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف خصوصی آپریشن کرتے ہوئے ایک بھٹہ سیل کر دیا، جبکہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسموگ کے حوالے سے نافذ پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے، تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب، لاہور اور اس کے گردونواح میں دھند اور اسموگ کے باعث موٹر وے کی کئی اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق، لاہور سے کوٹ مومن تک موٹر وے بند ہے، اسی طرح لاہور سے سیالکوٹ اور لاہور سے درخانہ تک کی موٹر وے بھی دھند کی شدت کے باعث بند کر دی گئی ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔