لانگ مارچ آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے نہیں کر رہے ، پنڈی اور لندن میں فاصلے بڑھ رہے ہیں جس پر تشویش ہے: شاہ محمود 

02:27 PM, 13 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

کھاریاں : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ غیر یقینی صورتحال کیا پاکستان کے مفاد میں ہے مسلم لیگ نون اہم تعیناتی پر ملک کو بحرانوں میں کیوں دھکیل رہی ہے۔

کھاریاں میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا اہم دورہ بھی کینسل ہو چکا ہے۔ سعودی ولی عہد کے آنے سے ملک کی جو معاشی صورتحال میں بہتری ہونی تھی وہ کھٹائی میں پڑ گئی ہے۔ عمران خان آئینی اور جمہوری راستہ نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، ساری صورتحال بے یقینی کی ہے جس پر پوری قوم پریشان ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا لانگ مارچ کا آرمی چیف کی تعیناتی سے کوئی تعلق نہیں، پنڈی اور لندن میں تعیناتی پر فاصلے بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں تعیناتی پر فاصلے بڑھنے سے خوشی نہیں تشویش لاحق ہے ۔ نواز شریف کے سابق ادوار کا موازنہ کیا جائے تو سینارٹی لسٹ تعیناتیوں پر کچھ اور ہی کہتی ہے۔ نواز شریف تعیناتی کے معاملے میں ہمیشہ جونئیر کو سینئر پر ترجیح دیتے رہے ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ الیکشن نئی اصلاحات کے مطابق ہی ہونا چاہئیں۔ حکومت الیکشن اصلاحات پر بہانے تلاش نہ کرے۔ ایف آئی آر کا مطالبہ ہمارا آج بھی قائم ہے۔ لانگ مارچ کا کھاریاں کے بعد اگلا پڑاؤ منڈی بہائوالدین ہوگا۔

مزیدخبریں