کھاریاں : پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ آج کھاریاں میں ہوگا۔ کنٹینر جلسہ گاہ کے قریب پہنچ چکا ہے ۔عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں ۔
کھاریاں کے ڈنگا چوک میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔، شاہ محمود قریشی کا کنٹینر بھی جلسہ گاہ کے قریب پہنچ چکا ہے۔شاہ محمود قریشی اور دوسرے قائدین یہاں پہنچ کر ہی کنٹینر میں سوار ہوں گے ۔
کھاریاں میں پی ٹی آئی کے مارچ کے دوران جلسہ گاہ میں کرکٹ میچ دکھانے کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ میں بڑی سکرین پر کارکنوں کو پہلے کرکٹ میچ دکھایا جا رہا ہے۔کرکٹ میچ کے فوری بعد عمران خان کا ویڈیو لنک خطاب ہو گا۔
جلسہ گاہ کی طرف آنے والے راستے پولیس نے سکیورٹی کے پیش نظر بند کردیے ہیں۔ جی ٹی روڈ کی لاہور سے راولپنڈی جانے والی ایک سائیڈ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
جی ٹی روڈ کے دوسری طرف دو طرفہ ٹریفک چلائی جارہی ہے۔ جی ٹی روڈ کی ایک سائیڈ اور دوسرے راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پولیس نے جلسہ گاہ کے اطراف میں دکانیں اور بازار بھی بند کروا دیے ہیں۔