میلبرن : ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اورانگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آج کھیلا جا رہا ہے ۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر(35 کروڑ روپے) کی انعامی رقم دی جائے گی۔ پورے ٹورنامنٹ میں آئی سی سی نے 1 ارب 23 کروڑ روپے کی رقم جیتنے والی ٹیموں میں تقسیم کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 2022 میں جیتنے والی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ دوسرے نمبر میں آنے والی ٹیم کو 8 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
سُپر 12 مرحلے سے باہر ہونے والی 8 ٹیموں کو فی کس 70، 70 ہزار ڈالر دیے گئے جب کہ سُپر 12 مرحلے میں ہر جیت پر 40 ہزار ڈالر انعام کا بھی اعلان کیا گیا ۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سُپر 12 مرحلے میں براہ راست پہنچنے والی 8 ٹیموں میں پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، اور جنوبی افریقہ شامل تھیں۔ دیگر چار ٹیموں نے راؤنڈ مرحلہ کھیل کر ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا جن میں سری لنکا، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور زمبابوے شامل تھیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق پہلے راؤنڈ میں جیتنے والی ٹیم کو 40 ہزار ڈالر جب کہ پہلے راؤنڈ کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والی 4 ٹیموں کو فی کس 40 ہزار ڈالرز دیے گئے ۔