لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کا ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد پہلا رد عمل سامنے آ گیا۔ کہتے ہیں پ سب سے درخواست ہے مجھ سے ناامید مت ہوں، میں پاکستان کے لیئے کھیلنا چاہتا ہوں، اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے زیاہ محنت کروں گا
سیمی فائنل اور ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پہلے پیغام میں لکھا کہ میں جانتا ہوں آپ سب میری پرفارمنس سے مایوس ہیں اور مجھ سے زیادہ کوئی افسردہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آپ سب سے درخواست ہے مجھ سے ناامید مت ہوں، میں پاکستان کے لیئے کھیلنا چاہتا ہوں، اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے زیاہ محنت کروں گا۔میں ان سب کا مشکور ہوں جنہوں نے میرے حق میں ٹویٹ اور مجھے مسیج کیے جبکہ ان کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھا۔
ٹویٹر پر انہوں نے شعر بھی لکھا:۔
میرا سینہ تیری حُرمت کا ہے سنگین حصار
میرے محبوب وطن تُجھ پہ اگر جاں ہو نثار
میں یہ سمجھوں گا ٹھکانے لگا سرمایہِ تن
اے میرے پیارے وطن
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کے دوران اعصاب شکن مرحلے پر فاسٹ باؤلر حسن علی نے شاہین شاہ کی گیند پر میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑا تھا، جس کے باعث سوشل میڈیا پر صارفین انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔
واضح رہے کہ میچ میں کیچ چھوڑنے کے بعد آبدیدہ ہونے پر قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک حوصلہ بڑھانے کے لیے فاسٹ باؤلر کے پاس پہنچے تھے جس کے بعد ہر کوئی سینئر آل راؤنڈر کی تعریف کرنے لگا تھا۔