لاہور: دورہ بنگلہ دیش سے دستبرداری اختیار کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے پانچویں سیزن میں ان ایکشن نظر آئیں گے جس کیلئے انہوں نے این او سی کی درخواست بھی دیدی ہے۔
محمد حفیظ ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں دہلی بلز کی طرف سے میدان میں اتریں گے جبکہ پاکستانی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز صہیب مقصود بھی دہلی بلز کا حصہ ہیں۔ ان دونوں کے علاوہ فاسٹ باؤلر محمد عامر، محمد اعظم، وہاب ریاض، رومان رئیس اور انور علی بھی ابوظہبی ٹی 10سیزن فائیو میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
محمد حفیظ سمیت ٹی 10 لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں نے این او سی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں درخواست جمع کروا دی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سے دو روز میں تمام کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیا جائے گا۔
پی سی بی کی پالیسی کے مطابق ایسے تمام کرکٹرز ٹی 10 لیگ میں شرکت کرسکتے ہیں جو پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہیں اور وہ کرکٹرز بھی این او سی کے اہل ہوں گے جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے پورے سیزن کیلئے بورڈ سے معاہدہ نہیں کررکھا۔
واضح رہے کہ ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 19 نومبر سے ہو گا جس میں ٹیموں کے درمیان 35 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ دہلی بلز کی ٹیم اپنا پہلا میچ 19 نومبر کو ناردرن وارئیرز کے خلاف کھیلے گی اور ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 4 دسمبر کو شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں ہو گا۔