نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق سپنر ہربھجن سنگھ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کپتان بابراعظم کی کارکردگی کو بھی ان کی مرہون منت قرار دیدیا ہے۔
ہربھجن سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف بہت اچھا سکور کیا تھا اور پاکستان میچ جیت سکتا تھا لیکن شاید فیصلوں میں کہیں تھوڑی غلطیاں ہوئیں اور پاکستانی ٹیم اپنے اعصاب پر قابو پانے میں بھی کامیاب نہ ہو سکی جس کے باعث آسٹریلیا نے فتح حاصل کر لی۔
ہربھجن سنگھ نے بابراعظم بالخصوص محمد رضوان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے اور کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں دونوں اوپنرز نے بڑا بہترین آغاز فراہم کیا اور دونوں ہی بہت شاندار کھلاڑی ہیں مگر بدقسمتی سے بابراعظم 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن جہاں تک محمد رضوان کی بات ہے تو انہوں نے صرف سیمی فائنل میں ہی نہیں بلکہ پورے ٹورنامنٹ میں بہترین بلے بازی کی جبکہ وہ بیٹنگ کے دوران سٹرائیک روٹیٹ کر کے بابراعظم کے کندھوں سے دباؤ ختم کر دیتے ہیں۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ محمد رضوان کی وجہ سے ہی بابر اعظم کھل کر کھیلتے ہیں کیونکہ رضوان کے جارحانہ مزاج کے باعث بابراعظم کو وقت ملتا ہے اور کھل کر کھیلتے ہیں، محمد رضوان سٹرائیک کو روٹیٹ کر کے بابر کے کندھوں سے بہت سارا دباؤ ختم کر دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بابراعظم ٹی 20 فارمیٹ میں بہت کامیاب ہیں کیونکہ ان کا جوڑی دار بہت جاندار بلے بازی کر رہا ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد رضوان پاکستان کا پلس پوائنٹ ہیں جنہوں نے کیلنڈر ائیر میں ایک ہزار رنز مکمل کر لئے ہیں، اتنے رنز بنانا قابل تعریف بات ہے، محمد رضوان کمال کے اوپنر کے طور پر سامنے آئے ہیں جو پاکستان کیلئے بہترین بات ہے۔
باؤلنگ لائن کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی بہت ہی زبردست باﺅلر ہے، اگرچہ کل کے میچ میں انہیں تین چھکے لگ گئے لیکن جس طرح سے انہوں نے پہلا اوور کیا وہ بہت ہی شاندار تھا۔