دبئی : ڈاکٹر فاروق ستار اور عشرت العباد کی ملاقات ہوئی اور دونوں رہنماوں کے درمیان سیاسی خلا کو دور کرنے کے لیے مشاورت کی گئی۔
ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار اور سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے ملاقات میں سیاسی خلا کو ختم کرنے کے لیے طویل مشاورت کی۔ دونوں رہنماوں نے ماضی کے اختلافات کو بھلاکر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔ملاقات میں دیگر رہنماؤں سے مزید رابطے بحال اور تیز کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل ایم کیو ایم کے تمام دھڑوں کا یکجا ہونا ضروری ہے۔ ہم دونوں جلد دوسری ملاقات کر کے مزید مشاورت بھی کریں گے دونوں رہنماوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلی ملاقات میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم نے سابق گورنر سندھ سمیت دیگر رہنماوں کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت بھی دی تھی۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں ایم کیو ایم میں شمولیت کرنے والوں کوعزت اور احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا۔