کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں 15 سو سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی 278 ارب روپے کم ہو گئی۔
گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان رہا اور ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 15 سو 46 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ 8 سے 12 نومبر 2021 کے دوران 100 انڈیکس 1500 سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد 45 ہزار 749 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ ایک ہفتے کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 47 ہزار 443 اور کم ترین سطح 45 ہزار 716 پوائنٹس رہی۔
گزشتہ ہفتے 1 ارب 58 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے اور شیئرز بازار کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 54 ارب 85 روپے رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی ہفتہ بھر میں 278 ارب روپے کم ہو کر 7818 ارب روپے رہی۔
اس سے قبل یکم سے 5 نومبر 2021 کے دوران 100 انڈیکس میں 11 سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد انڈیکس 47 ہزار 295 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مذکورہ ہفتے کے دوران 2.14 ارب شیئرز کے سودے ہوئے اور شیئرز بازار کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 76 ارب روپے رہی۔