پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ حکومت کیخلاف تحریک چلا کر خود کو ہی تھکائے گی، شیخ رشید

04:39 PM, 13 Nov, 2021

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حزب مخالف کا اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے خلاف تحریک چلا کر خود کو ہی تھکائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کو احتجاجی تحریک میں وارم اپ میں 6 ماہ لگیں اور دھرنے کا اصل وقت وہ تھا جب فضل الرحمان اسلام آباد آئے تھے لیکن اب تو یہ اپنے آپ کو خوار کریں گے۔  اتحادی کہیں نہیں جا رہے اورمطالبے منوانے کے لئے کچھ نہ کچھ کرنا ہوتا ہے لیکن حکومت کو کوئی خطرہ نہیں کیونجکہ ساڑھے تین سال ہو گئے اور اب تو اپوزیشن الیکشن مہم چلا رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں شامل نہیں تھا اور ٹی ایل پی کے ساتھ طے ہونے والے معاملات چند دن میں سامنے آ جائیں گے اور میں نے سعد رضوی سے خود کہا کہ یہ معاملہ وزارت مذہبی امور اور پنجاب حکومت کا ہے اور اس وقت 78 تنظیمیں کالعدم ہیں جبکہ ٹی ایل پی کو پنجاب حکومت کے کہنے پر وزارت داخلہ نے کالعدم قرار دیا تھا اور انہی کی درخواست پر پابندی واپس لی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے سے ای سی ایل پر ہیں جبکہ انہوں نے ای سی ایل سے نکلنے کے لیے درخواست نہیں دی لیکن نیب نے ایک اور کیس دو ہفتے پہلے بھیجا تھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے پڑوس افغانستان میں جو صورتحال ہے اسکے اثرات بھی پاکستان پر ہوں گے اور یہ نہیں ہو سکتا 4 کروڑ لوگوں میں بھوک ننگ ہو اور اسکا اثر پاکستان پر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے اسی ماہ ایک ہزار پولیس والے بھرتی کریں اور 1122 کیلئے پنجاب کیساتھ ایم او یو کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں