تین سال سے وفاق کا ساتھ نبھا رہے ہیں مگر یہ نہیں نبھا رہے، پرویز الہیٰ

تین سال سے وفاق کا ساتھ نبھا رہے ہیں مگر یہ نہیں نبھا رہے، پرویز الہیٰ
کیپشن: تین سال سے وفاق کا ساتھ نبھا رہے ہیں مگر یہ نہیں نبھا رہے، پرویز الہیٰ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: حکومت اور اتحادی جماعت کے درمیان اختلافات کی باتیں تو ہو ہی رہیں ہیں مگر اب مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما چودھری پرویز الہیٰ کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے۔ کہتے ہیں کہ وہ 3سال سے وفاق کا ساتھ نبھا رہے ہیں مگر یہ نہیں نبھا رہے۔

پرویزالہیٰ کی زیرصدارت مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی کل شام طلب کیا گیا ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی انتظامیہ کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔

دوسری طرف مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے سینیٹر کامل علی آغا کہتے ہیں کہ حکومت کو یاد دلانے کیلئے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے۔ کیا حکمران بھول گئے کہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر ان کو کامیابی ملی جبکہ حکمران یہ بھی بھول گئے کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کیلئے نہیں آیا۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ حکمران کو سینیٹ کے مشکل ترین الیکشن میں ہم نے کامیابی کے ساتھ نکالا۔

گزشتہ روز اتحادیوں کے بڑھتے ہوئے شکوے اور شکایات پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس طلب کیا جس میں اتحادیوں کے گلے شکووں اور تحفظات کو دیکھا ۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے طلب کیے جانے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی شریک ہوئے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ق نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قانونی سازی میں حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اتحادیوں کی جانب سے یقین دہانی نہ ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا پر حکومت نے مشترکہ اجلاس کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا ہے جبکہ اپوزیشن نے بھی اس اجلاس میں ہونے والی متوقع قانون سازی کو ناکام بنانے کے لیے حکمتِ عملی مرتب کرلی ہے جس کے تحت تمام جماعتیں نیب ترمیمی بل، ووٹنگ مشین سمیت دیگر بلوں کے خلاف ووٹ کریں گی۔