ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کیچ ڈراپ کرنے والے حسن علی کے والد بھی میدان میں آ گئے

03:13 PM, 13 Nov, 2021

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے بلے باز متھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کرنے والے حسن علی کے والد کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا پہلے بھی ہیرو تھا، اب بھی ہیرو ہے، پوری ٹیم ہیرو ہے۔ 
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ حسن علی نے 19 ویں اوور میں آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کیا تھا اور پھر اسی اوور میں آسٹریلین وکٹ کیپر بلے باز نے 3 چھکے لگا کر آسٹریلیا کو فتح سے ہمکنار کروا دیا تھا۔
اہم موقع پر کیچ ڈراپ کئے جانے کے باعث سوشل میڈیا صارفین نے حسن علی کو آڑے ہاتھوں لیا تاہم ان کے ساتھی کھلاڑی دفاع میں آئے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی میچ ختم ہونے کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی کسی ایک کھلاڑی کو شکست کا ذمہ دار نہیں ٹھہرائے گا۔ 
حسن علی کے والد عبدالعزیز نے بھی اب اس معاملے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ حسن علی پہلے بھی ہیرو تھا اور اب بھی ہیرو ہے، اللہ کی مہربانی سے پوری ٹیم ہیرو ہے، تمام قومی کھلاڑی میرے بیٹے ہیں، آگے بھی یہ ہیرو ہی رہیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کو شکست دی تو ہم ہیرو تھے، نیوزی لینڈ کو شکست دی تو بھی ہم ہیرو تھے، لگاتار 5 میچز جیتے تو بھی ہیرو تھے، کھلاڑی دل چھوٹا نہ کریں، میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، ان شاءاللہ یہ ہیرو بن کر اوپر آئیں گے۔

مزیدخبریں