سرگودھا: پنجاب کے شہرسرگودھا کے علاقے کوٹ کمبوہ میں 2 ماہ قبل سیف اللہ نامی نوجوان کے قتل کی گھتی سلجھ گئی ۔ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے سرراہ فائرنگ سے قتل کردیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقے کوٹ کمبوہ میں دوماہ قبل نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے سیف اللہ نامی نوجوان کو قتل کردیا تھا ۔ ملزم کے چچا کرم داد نے بھتیجے کے قتل کا مقدمہ اپنے مخالفین پر درج کروایا جس کے بعد مبینہ طورپر ملزما ن کو گرفتار کرلیا گیا اور تحقیقات شروع کردی گئیں ۔
گرفتار ملزمان سے تحقیقات ہوئیں تو پتہ چلا کہ خالد سیف اللہ کا قاتل تو اس کا اپنا چچا ہے اور 6 لاکھ روپے کے عوض محض 13 ایکڑ اراضی پر قبضہ کرنے کیلئے اجرتی قاتلوں کے ذریعے اس نے اپنے بھتیجے کو ہی قتل کرادیا اور مقدمے کا خود ہی مدعی بن کر قاتلوں کو تلاش کرتا رہا۔
ڈی ایس پی شاہ پور سرکل رانا محمد اقبال کا کہنا ہے کہ مشکوک صورتحال کے باعث مقتول کے چچا کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو تمام حقائق سامنے آئے۔
پولیس کے مطابق چچا اور3 اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مقدمہ کا چالان جلد عدالت کو بھیج دیا جائے گا ۔