ملک میں لاک ڈاون کا حتمی فیصلہ پیر کو ہو گا، ڈاکٹر فیصل سلطان

08:23 PM, 13 Nov, 2020

اسلام آباد: ملک بھر میں وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر ہر روز کیسز میں اضافہ ہونے لگا، جس کے باعث لاک ڈاون کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں ۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا پیر کے دن نیشنل کنڑول اینڈ کمانڈ سینٹر کے اجلاس میں لاک ڈاون اور تعلیمی اداروں کی بندش کے بارے میں حتمی میں فیصلہ کیا جائے گا۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاون کے معاملے پر پیر کو نیشنل کنڑول اینڈ کمانڈ سینٹر کے اجلاس کے فوری بعد ایک اہم ترین مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں وزارت صحت اور تعلیم کے اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔ مشاورت کے بعد ہی فیصلے کئے جائیں گے۔ 

ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہ اس وقت ہمارا ہیلتھ کیئر سسٹم پہلے سے زیادہ بہتر ہو گیا ہے اور ہیلتھ الاونس کے بارے میں ڈاکٹروں کے تحفظات بھی دور کئے جائیں گے۔ رسک الاونس کے حوالے سے ڈاکٹرز کے تحفظات جائز ہیں۔ وبا کے لئے مختص وارڈٖ میں کام کرنے والے تمام ڈاکٹرز کو رسک الاونس دیا جائے گا۔ اگر غلطی سے بھی کسی شخص کو یہ الاونس چلا گیا جو اسکا اہل نہیں تھا تو واپس لے لیا جائے گا۔ 

اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی کہا کہ جن تعلیمی اداروں میں وبا کے کیسز رپورٹ ہوں گے ان کو بند کر دیا جائے گا۔ ابھی کوئی ایسی صورت حال نہیں ہے کہ حکومت تعلیمی اداروں کو مکمل طور پر بند کر دے۔ اگر اس طرح کیا گیا تو بچوں کو تعلیم کا حرج ہو گا۔ 

واضح رہے کہ ملک بھر میں وبا کی دوسری لہر کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھٹنوں کے دوران مزید 37 افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں اور مجموعی طور پر تعداد سات ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ 

مزیدخبریں