راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکروسافٹ کے چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان میں کورونا وبا کی روک تھام اور پولیو مہم کے آغاز پر بات چیت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق بل گیٹس نے پاک فوج کی قومی مہم سپورٹ کی تعریف کی اور پولیو مہم کی کامیابی میں تعاون پر پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پولیو مہم قومی کاز اور قومی کوشش ہے۔ پاکستان میں ہر بچے کا محفوظ ہونا کامیابی تصور کرتے ہیں۔ پولیو مہم کامیاب موبائل ٹیموں کے باعث ہوئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں شخصیات میں رواں ماہ اگست میں بھی اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ اس موقع پر دوران گفتگو آرمی چیف نے بل گیٹس کو باور کرایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی بھرپور کاوش اور پاک فوج کے تعاون سے پاکستان میں کورونا وائرس پر قابو پانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا تھا کہ پولیو کے تدارک کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں، موبائل ٹیموں اور ورکرز کا بھی خصوصی کردار ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پولیو کیخلاف پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی تمام کوششیں ہمارے لئے قومی فریضہ کا درجہ رکھتی ہیں۔ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا ہمارا مقصد ہے۔