برسلز: وزیر امو خارجہ یورپی یونین جوزف بورل نے پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرور پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ناگزیر ہو چکا ہے۔
جوزف بورل کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں استحکام کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کیساتھ تعلقات کی مضبوطی بہت ضروری ہے اور اس کیلئے ہمیں مزید کام کرنا چاہیے۔ یہ اہم باتیں انہوں نے اپنے ایک حالیہ بلاگ میں تحریر کی ہیں۔ اس بلاگ کا عنوان انہوں نے ''یورپی یونین اور پاکستان کے تعلقات کیوں اہم ہیں؟ ہے جس میں یورپی وزیر نے جنوبی ایشیا کے انتہائی اہم ملک پاکستان کی اہمیت اور اس کیساتھ تعلقات کی اہمیت بارے کھل کر بات کی ہے۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کے وزیر جوزف بورل نے حال ہی میں پاک یورپی یونین تذویراتی مذاکرات کے پانچویں دور میں اپنے وفد کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کے ساتھ ساتھ خطے کی معاشی اور اقتصادی حالت کو بری طرح متاثر کیا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ اقتصادی تعلقات کو بھی بڑھایا جائے۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کیساتھ بات چیت کے دوران یورپ میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر خصوصی بات کی اور اسلام مخالف پراپگینڈے پر اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
جوزف بورل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ نے ان کیساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں سے متعلق بھی پاکستان کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان مذاکرات جبکہ افغان امن عمل کو جاری رکھنے اور اس کی بھرپور حمایت کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔