دھرنا ختم ، مولانا فضل الرحمان کا ملک بھر میں سٹرکیں بند کرنے کا اعلان

08:57 PM, 13 Nov, 2019

اسلام آباد:مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شرکا سڑکیں بند کرنے والوں کے ساتھ شریک ہو جائیں گے، حکومت کی بنیادیں ہل چکیں، اگلے مرحلے میں دیوار گرا دیں گے۔


تفصیلات کے مطابق ، سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان  نے کہا کہ  آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے جاری رہے گا۔ ہم آج ہی یہاں سے روانہ ہوں گے۔ دنیا نے تسلیم کیا کہ آپ کتنے منظم ہیں؟  دوسرے محاذ پر بھی ہمیں پرامن رہنا ہے۔ جس طرح مجھے اپنے کارکن کی زندگی عزیز ہے، اسی طرح مجھے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا خون بھی عزیز ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ یہ حقیقت ہے کہ ہم دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں لیکن عام شہری کی زندگی متاثر نہیں کریں گے بلکہ شاہراہوں پر بیٹھیں گے۔ کسی ایمبیولینس کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔  ادارے اس فیصلے کی تائید اور حمایت کریں۔ ہم کسی ذات کی نہیں، سب کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم نے ملک کا نقصان نہیں کرنا۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ یہ تحریک چلے گی، حکومت استعفیٰ دے کر نئے انتخابات کرائے۔ ہم اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کوئی سرمایہ کاری اور امداد نہیں دے رہا۔ سارے ماحول میں پاکستان کی معیشت تنہا ہے۔ بھارت، بنگلا دیش، ایران، چین اور سری لنکا کی معیشت اوپر جا رہی ہے۔

مولانا نے کہا  کہ یہ عوام کے حقوق کی جنگ ہے۔ تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ سب سڑکوں پر آ جائیں اور احتجاج کریں۔ ہم قوم سے قربانی چاہتے ہیں۔ جب تک حکومت ہے، ایک ایک دن ہمیں تنزلی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔

مزیدخبریں