اسلام آباد: عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد اور کلبھوشن یادیو کو ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق دینے کیلئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے آرمی ایکٹ میں تبدیلی کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جس کا مقصد فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف اپیل کا قانونی طریقہ طے کرنا ہے۔ترمیم کے بعد جو نیا ایکٹ بنے گا اس کا اطلاق صرف عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کے معاملے پر لاگو ہوگا۔یاد رہے کہ عالمی عدالت انصاف پاکستان کو حکم دیا تھا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر نظر ثانی کرے۔
عالمی عدالت نے بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی واپسی، رہائی اور فوجی عدالت کا فیصلہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔پاکستان نے عالمی عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی جاسوس کیساتھ ملکی قوانین کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
عالمی عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے قوانین کے مطابق کلبھوشن کے پاس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے تھے، عالمی عدالت نے پاکستانی قوانین کے مطابق کلبھوشن کو اپیل کا حق دیا ہے جوکہ پاکستانی قوانین کے تحت پہلے ہی اسے حاصل تھا۔