کراچی :وزیر مملکت برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے دہری شہریت کیس میں جواب جمع کرانے کیلئے عدالت سے مزید مہلت طلب کی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں منگل کے روز فیصل واوڈا کی دہری شہریت کے باعث نااہلی سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی اور وزیر مملکت کے وکیل نے اپنا وکالت نامہ جمع کرایا۔ہائی کورٹ کے جج محمد علی مظہر نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کے موکل کیسے منتخب نمائندے ہیں؟ آپ کو تو نوٹس تعمیل کروانا مشکل ہو گیا ہے۔عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پانچ بار فیصل واوڈا کو نوٹس بھیجا لیکن وصول کرنے سے انکار کیا، کہاں کہاں نہیں آپ کو نوٹس بھیجے۔
جج نے کہا کہ اسلام آباد کے ضلعی جج کے ذریعے نوٹس بھیجا، وصول نہیں کیا، الیکشن کمیشن کو نوٹس دیا پھر اسپیکر نیشنل اسمبلی اور وزارت کو نوٹس بھیجا، گھر پر گارڈ بیٹھے ہیں وہ نوٹس نہیں لیتے، گارڈ کہتے ہیں صاحب نے نوٹس لینے سے منع کیا ہوا ہے۔وزیرمملکت کے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کی۔ عدالت نے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کردی ۔