تیز ترین سپر کمپیوٹرز کی فہرست میں امریکہ پہلے، چین تیسرے نمبر پر

07:43 PM, 13 Nov, 2018

نیویارک :دنیا میں تیز ترین سپر کمپیوٹرز کی فہرست میں چین اب تیسرے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ امریکہ پہلے نمبر پر آ گیا ہے ، تیز ترین دس کمپیوٹرز میں امریکہ کے پانچ کمپیوٹرز ہیں جبکہ دیگر ممالک میں سوئٹزلینڈ، جرمنی اور جاپان بھی شامل ہیں۔

فہرست میں 500 تیز ترین سپر کمپیوٹرز میں چین کے 227 کمپیوٹرز ہیں جبکہ امریکہ کے 109۔

تیز ترین سپر کمپیوٹرز کی فہرست سال میں دو بار شائع کی جاتی ہے ، تازہ ترین فہرست کے مطابق امریکہ کے دو سپر کمپیوٹر سمٹ اور سیئیرا پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی سپر کمپیوٹر سمٹ دو لاکھ ٹریلین کیلکیولیشنز فی سیکنڈ کر سکتا ہے۔ سمٹ اور سیئیرا دونوں ہی کمپیوٹر کمپنی آئی بی ایم نے تیار کیے ہیں۔

فہرست میں کہا گیا ہے کہ چین کا سنوے ٹائی ہو لائٹ گذشتہ سال سب سے تیز ترین سپر کمپیوٹر تھا۔ تاہم اس سال کی فہرست میں یہ تیسرے نمبر پر ہے ، اس کے علاوہ چوتھے نمبر پر بھی چین ہی کا سپر کمپیوٹر ہے ، امریکی سپر کمپیوٹر سمٹ 200 جبکہ چینی کمپیوٹر سنوے ٹائی ہو لائٹ نے 93 پیٹا فلاپس تک کام کر سکتا ہے۔

سپر کمپیوٹرز کی تیزی 'پیٹا فلاپ' میں گنی جاتی ہے۔ ایک فلاپ کو آپ کیلکیولیشنز میں ایک آپریشن یا قدم کے طور پر سمجھ سکتے ہیں۔ ایک پیٹا فلاپ کا مطلب ایک سکینڈ میں ایک ہزار کھرب آپریشنز ہوتا ہے۔

مزیدخبریں