حکومت کا پوسٹل سروس میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹم متعارف کروانے کا اعلان

حکومت کا پوسٹل سروس میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹم متعارف کروانے کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پوسٹل سروس میں جدت لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک بھر میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت شہری اپنا قیمتی سامان اور اہم دستاویزات صرف ایک دن میں حاصل کر سکیں گے۔ حکومت نے ملک بھر میں الیکٹرانک منی آرڈر کی سہولت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔


جس کے تحت 50 ہزار روپے تک کی بھیجی گئی رقم گھر کے دروازے پر مل سکے گی۔ ون ڈے ڈیلیوری سسٹم 25 اور منی آرڈر کی سہولت 80 شہروں میں ہو گی۔ وزارت پوسٹل اینڈ سروسز دونوں منصوبوں کا آغاز آج ہی کرے گی۔

وفاقی وزیر مملکت مراد سعید کچھ دیر میں ان سروسز کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔مراد سعید کا کہنا ہے کہ پوسٹل سروسز کو جدت کی نئی راہوں پر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


پاکستان بھر کے ڈاک خانوں کا معیات تبدیل کریں گے۔ 13 ہزار ڈاک خانوں کو جدید ترین پوسٹل سروسز کا مرکز بنائیں گے۔ منصوبوں سے پوسٹل سروسز کا 12 ارب روپے کا خسارہ ختم ہو گا۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کورئیر سروسز میں انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے اقتدار کے پہلے 100 روز میں زبردست کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کی ہے جس کے لیے وزیراعظم عمران خان خود بھی وزرا کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔


ذرائع کے مطابق پہلے 100 روز میں ہدف حاصل نہ کرنے والے وفاقی وزرا کو فارغ کیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل جن انقلابی اقدامات کا عہد کیا تھا اقتدار سنبھالنے کے بعد عوام سے کیے ان وعدوں کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے تحت عوام دوست منصوبوں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔