اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اقامہ کی بنیاد پر نااہلی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں لارجر بینچ کی تشکیل کو چیلنج کر دیا۔ آج سماعت کے موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کی جانب سے تحریری جواب میں لارجر بینچ کی تشکیل کو چیلنج کیا گیا ہے۔ خواجہ آصف نے موقف اختیار کیا کہ 18 ستمبر کو عدالت نے لارجر بینچ تشکیل دینے کی آبزرویشن دی اور 26 ستمبر کو لارجر بینچ تشکیل دے کر نوٹس جاری کیا گیا۔
تحریری جواب میں موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار نااہلی کے لئے سپریم کورٹ تک تمام فورم استعمال کر چکا ہے۔7 صفحات پر مشتمل تحریری جواب کے متن کے مطابق لارجر بینچ کی تشکیل سے انہیں اپیل کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں خواجہ آصف کے اقامہ رکھنے پر نااہلی کے لئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ خواجہ آصف نے 2011 میں دبئی کی کمپنی انٹرنیشنل میکینکل اینڈ الیکٹریکل کمپنی کے ملازم ہیں جو 35 ہزار درہم تنخواہ وصول کرتے ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ملکی وزیر خارجہ ہونے کے باوجود وہ دبئی کی کمپنی سے تنخواہ وصول کرتے رہے اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں