لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ نیوز گیٹ جیسے قومی سلامتی کے مسئلے کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور وزیر داخلہ کی وضاحتوں سے تاثر ابھرتاہے کہ یہ کوئی انتہائی غیر اہم ایشو ہے جس پر خواہ مخواہ شور مچایاجارہا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری ملک میں سب کچھ پارلیمنٹ ہوتی ہے مگر یہاں تمام اختیارات کو وزیر اعظم نے اپنی مٹھی میں بند کررکھا ہے ۔ کرپشن کے الزامات کے بعداخلاقی طور پر وزیر اعظم کو اپنا منصب چھوڑدینا اور اپنے دامن پر لگے داغ کو دھونا چاہئے تھالیکن ہمارے ہاں اچھی روایات کا گلا گھونٹا جارہا ہے ۔حکمران خود کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے ۔نیوز گیٹ سکینڈل پر اپوزیشن مشترکہ موقف پر جمع ہورہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔