سی پیک کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں: وزیر اعظم

01:20 PM, 13 Nov, 2016

گوادر : وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خواب سے حقیت میں منتقل ہو رہا ہے۔ سی پیک کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔

گوادر سے چینی برآمدات کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک کسی ایک صوبے کا منصوبہ نہیں بلکہ اس سے تمام صوبوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تاریخ ساز تقریب سے خطاب کرنا میرے لیے اعزاز ہے ۔ سی پیک سے پاکستان تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔ وزیراعظم محمد نوز شریف نے کہا ہے کہ منصوبے سے خطبے کے عوام، سرمایہ کاروں کو وسیع مواقع ملیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک خطے کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے جس سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ، پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے ۔ انہوں نے سی پیک کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لینے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پوری دنیا کی ترقی کیلئے سنگ میل ہے ، سی پیک ایک خطہ ایک سڑک اور ویژن کا عکاس ہے ، سی پیک علاقے میں امن و سلامتی لائے گا ۔”سی پیک پورے پاکستان کیلئے ہے اور کوئی بھی صوبہ اس سے باہر نہیں ہے “۔

  سی پیک سے نئے مواقع اور راہیں نکلیں گی جو پاکستان کو ترقی کی جانب لیکر جائیں گی ۔گوادر اقتصادی راہداری منصوبے کے سرکا تاج ہے ۔ سی پیک کے تمام منصوبوں پر عملدرآمد ہو رہا ہے ۔ کاشغر سے تجارتی قافلے کی گوادر آمد پر تاریخ رقم ہو گئی ۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ گوادر اقتصادی حب بننے جا رہا ہے اور سی پیک سے پاکستان کے علاوہ پورا خطہ بھی مستفید ہو گا ، گواد رمیں ووکیشنل انسٹیٹیوٹ اور یونیورسٹی بھی بنے گی ۔ سی پیک کے دشمن پاکستا ن کے دشمن ہیں ۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے دوران حب کے قریب شاہ نورانی کے مزار پر دہشت گردی کی کارروائی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں معصوم جانوں کو نشانہ بنایا گیا ، مزار پر دھماکے میں جانی ضیاع پر افسو س ہے ۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں تاہم دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت صنعتی زون بھی بنیں گے اور سی پیک سڑکوں کی تعمیر میں ایف ڈڈبلیو او کا اہم کردار ہے ، قلات کوئٹہ اور چمن روڈ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ۔پاک بحریہ کی کوششوں کو بھی سراہتے ہیں ۔

  سی پیک سے بلوچستان میں ترقی سے محروم علاقوں میں بہتری آئے گی ا ور علاقے میں امن و سلامتی آئے گی ، گواد رخطے کا اقتصادی مرکزبننے جا رہا ہے ،پاکستان چین ، وسطی ، و جنوبی ایشیا کا مرکز بنے گا ۔ سی پیک کامیاب بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔ اور اس منصوبے سے روز گار کے ہزاروں مواقع پیدا ہونگے ۔ ایف ڈبلیو او کی محنت سے سڑکوں کا مربوط نظام بن گیا ہے ۔

وزیر اعظم نے خطاب کرنے کے بعدپہلے تجارتی قافلے کے پائلٹ پروجیکٹ کا افتتاح بھی کیاجبکہ آرمی چیف نے پہلے بحری تجارتی جہاز کی روانگی کا افتتاح کیا ۔ پہلا قافلہ 300کنٹینرز کو لیکر روانہ ہو جائے گا ۔

تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نوا ب ثناءاللہ زہری ، جمعیت علماءاسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور چینی حکام اور 15 ممالک کے سفیر بھی موجود تھے ۔ تقریب کے دوران پاکستان اور چین کے گلوکاروں نے مشترکہ دوستی گیت بھی گایا ۔

مزیدخبریں